۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
پاکستانی سفیر کا یزد بس حادثہ میں بھرپور ایرانی تعاون پر اظہار تشکر

حوزہ / ایران میں موجود پاکستانی سفیر نے ایرانی صوبہ یزد کے گورنر سے ملاقات کے دوران کہا: ایسے ہمدردانہ جذبات اور مہربانی صرف ایران جیسے ملک میں دیکھی جا سکتی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران میں موجود پاکستانی سفیر محمد مدثر ٹیپو نے یزد کے گورنر کے ساتھ ایک ملاقات میں کہا: ہم شہر یزد میں پاکستان سے اربعین پر عراق جانے والے زائرین کی بس کے حادثے پر صوبہ یزد میں کیے گئے تعاون اور ہمدردی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے ایرانی حکومت اور صوبائی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا: اس دکھ بھرے واقعہ میں ہم ایرانی حکمرانوں کی جانب سے کئے گئے اس ہمدردی بھرے تعاون کو کبھی نہیں بھولیں گے۔

پاکستانی سفیر نے یزد بس حادثہ کے سلسلہ میں انجام دئے گئے اقدامات پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مزید کہا: اس طرح کا حسن سلوک اور ہمدردانہ جذبات صرف ایران جیسے ملک میں ہی دیکھے جا سکتے ہیں۔

صوبہ یزد کے گورنر نے اس ملاقات میں کہا: ہمارے عزیز اور دوست ملک پاکستان کے زائرین ہمارے لئے عزیز ہیں اور ہم ان زائرین امام حسین علیہ السلام کے لئے سوگوار ہیں۔

مہران فاطمی نے کہا: اس حادثے کے ابتدائی لمحات سے ہی متعلقہ اداروں کی طرف سے ضروری اقدامات کئے گئے تھے۔ ہم اس حادثے کے شہداء کی میتوں کی پاکستان منتقلی کے لئے ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔ جب کہ صوبے کے ہسپتالوں میں زخمیوں کا علاج بھی احسن انداز سے جاری ہے۔

قابل ذکر ہے کہ چہلم سید الشہداء کے لیے عراق جانے والے پاکستانی زائرین کی بس کو ایران کے شہر یزد کے قریب ایک سنگین حادثہ پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں بس الٹ گئی اور اس میں سوار 28 افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ 20 زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے نزدیکی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دوسری طرف زخمیوں میں سے بعض افراد کی حالت بھی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .